آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعرات 20؍ ذوالحجہ 1440ھ 22؍اگست 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویزا آن ارائیول کے اعلان پر عملدرآمد کیا جائے، ٹور آپریٹرز ایسو سی ایشن

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے کام کرنے والے ٹور آپریٹرز نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ویزا آن ارائیول کے اعلان پر عملدرآمد کیا جائے کیونکہ گرمائی سیزن شروع ہو چکا ہے اور مختلف ممالک سے سیاح پاکستان آنا چاہتے ہیں مگر اعلان کئے گئےتمام ممالک کیلئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مسائل کا سامنا ہے۔ پاکستان ٹور آپریٹرز ایسو سی ایشن کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ نائن الیون کے بعد پاکستان آنے والے سیاحوں کی تعداد پہلے ہی بہت کم تھی جس کی وجہ سے ایک طرف ہوٹل انڈسٹری بحران کا شکار تو دوسری طرف بڑی تعداد میں لوگوں کا روزگار بھی متاثر ہو رہا ہے، پاٹو کے رکن خالد ملک نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پچاس ممالک کیلئے ویزا آن ارائیول کے اعلان کو کئی ہفتے گزرنے کے باوجود عملی طور پر صرف پانچ ملکوں کو یہ سہولت مل رہی ہے کیونکہ کراچی لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر ایئرپورٹس کے امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کے حوالے سے جب تک ہمیں باقاعدہ تحریری احکامات نہیں ملتے ہم ویزا آن ارائیول کے اعلان پر کیسے عمل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے کئی گروپ پاکستان آنے کو تیار ہیں اگر حکومت نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اپنے اعلان پر فوری عمل نہ کیا تو اس سال کا

سیزن بھی گزر جائے گا اور حکومت سیاحوں کی آمد سے ملنے والے زرمبادلہ سے بھی محروم ہو جائے گی۔

اسلام آباد سے مزید