آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ 9؍صفر المظفّر 1440ھ 19؍اکتوبر2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما میں 15 کمپنیوں کے مالک عمران کے قریبی دوست زلفی بخاری نیب میں پیش ہونے کی بجائے لندن چلے گئے

لندن (سعید نیازی)پاناما میں 15 کمپنیوں کے مالک عمران کے قریبی دوست زلفی بخاری نیب میں پیش ہونے کی بجائے لندن چلے گئے، تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی بھی تحقیقات شروع کردی ہے اور نیب نے زلفی بخاری کو نیب میں پیش ہوکر اپنی آف شور کمپنیوں کے بارے میں، جن کو لندن میں درجنوں قیمتی پراپرٹیز کی خریداری کیلئے استعمال کیا گیا ہے، کی تفصیلات پیش کرنے کا نوٹس دیا ہے۔ نیب کے ایک ذریعے نے سمن کی ایک کاپی دی نیوز کو بھیجی ہے اور الزام لگایا ہے کہ زلفی بخاری جو عمران خان کی تیسری شادی میں شرکت کرنے والے چند افراد میں شامل ہیں، پاکستان میں تھے، جب انھیں27 فروری کو اپنی معلوم 6آف شور کمپنیوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کیلئے نیب کے سامنے پیش ہونے کیلئے سمن جاری کئے گئے لیکن وہ نیب کے پنڈی آفس میں پیش نہیں ہوئے اور لندن واپس چلے گئے، یہ سمن زلفی بخاری کے اسلام آباد کی رہائش گاہ کے پتے پر جاری کئے گئے تھے۔ نیب نے اس بات کی تصدیق کی کہ نیب کے خط میں کہا گیا تھا کہ آپ این اے او 1999 کے جرم کے مرتکب ہورہے ہیں اور چونکہ پانامہ پیپرز میں درج بی وی آئی کے مطابق آف شور میں قائم کی گئی کمپنیوں کی ملکیت اور ان کے قیام کے حوالے سے

تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ کے پاس اس جرم کے حوالے سے معلومات موجود ہیں، اس لئے آپ نیب کے دفتر میں پیش ہوکر ان کی تفصیلات پیش کریں۔ نیب کے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ زلفی بخاری 6آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں، جس کا انکشاف پاکستان میں دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ نے کیا تھا۔ عمر چیمہ نے جن کمپنیوں کا ذکر کیا تھا، نیب نے سمن میں ان کا حوالہ دیا ہے۔ دوسری جانب دی نیوز کے رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری انڈر برج پراپرٹیز لمیٹڈ اور کمبریا گرانڈ لمیٹڈ کے بھی مالک ہیں، جو لندن میں پراپرٹیز کی خرید و فروخت کیلئے استعمال کی جاتی ہیں۔ نیب نے اپنے خط میں ان پراپرٹیز کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق زلفی بخاری نے2010 میں نائٹس برج میں واقع اپنا ایک فلیٹ براڈبری کے ذریعے ایک عرب شہزادے کو فروخت کیا۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں