آپ آف لائن ہیں
بدھ10؍ ذوالحجہ1439ھ 22؍ اگست2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبر پارٹی ہی ایشیائی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ کرسکتی ہے، فیونااونسانیا ایم پی

پیٹربرا(خالد محمود جونوی)لیبرپارٹی پیٹربرا نے آئندہ مقامی انتخابات کیلئے باقاعدہ انتخابی مہم کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں گلیڈسٹون پارک کمیونٹی سینٹر میں ایک جلسہ منعقد ہوا جس سے مقامی ممبرآف پارلیمنٹ فیونا اونسانیا، سابق کونسلر جان شیرمین، کونسلر ناظم خان، کونسلر محمد جمیل، کونسلر عنصر علی، کونسلر امجد اقبال، کونسلر شہزاد نواز، کونسلر محبوب حسین سمیت دیگر لیبرپارٹی کے رہنمائوں اور کمیونٹی کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبرپارٹی ہی ایشیائیوں کے حقوق کا بہتر تحفظ کرسکتی ہے۔ ممبرآف پارلیمنٹ فیونا اونسانیا نے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ پیٹربرا ایک کثیر الثقافتی شہر ہے کئی روشن حوالوں سے اس شہر کی خاص پہچان ہے۔ پارلیمنٹ میں اس شہر کے باسیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں اطمینان بھی ہوتا ہے اور خوشی بھی۔ میرے حلقہ انتخاب کے لوگ ایک بہتر سیاسی سوچ و فکر کے مالک ہیں۔ انہوں نے کہا جب سے وہ منتخب ہوئی ہیں اپنی سیاسی اور پروفیشنل ذمہ داریوں کی کشمکش کے باعث وہ اپنے رائے دہندگان سے مکمل رابطہ نہ رکھ سکیں جس کا انہیں افسوس بھی اور دکھ ہے۔ پیٹربرا سےاگر میری صورت میں پہلی سیاہ فام خاتون ممبرآف پارلیمنٹ بن سکتی ہے تو مجھے قوی یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب یہاں سے پہلا

مسلمان یا پاکستانی نژاد ممبرآف پارلیمنٹ منتخب ہوگا۔ سابق کونسلر جان شیرمین جو گزشتہ سال عملی سیاست سے ریٹائرڈ ہوئے تھے کہاکہ انہوں نے مقامی سکول میں بحیثیت ہیڈٹیچر کئی سال گزارے جس میں پاکستانی بچوں کی تعداد ننانوے فیصد ہے اور بحیثیت کونسلر اس کمیونٹی کے بھی بڑا قریب رہا۔ میرا اور اس کمیونٹی کی قربت اور تعلق کا دورانیہ گزشتہ پچیس سالوں پر محیط ہے۔ میں نے اس کمیونٹی کومحنتی اور ایک دوسرے کا مددگار پایا۔ میرے لئے یہی بات باعث اطمینان ہے کہ جن بچوں کو میں نے ابتدائی کلاسوں میں پڑھایا پڑھ لکھ کر آج وہ اعلیٰ کلیدی عہدوں پر پہنچے بلکہ میرے ساتھ بحیثیت کونسلر کام کررہے ہیں۔ کونسلر ناظم خان نے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوا انہوں نے کمیونٹی کی اپنی ہمت و بساط کے مطابق خدمت کی۔ اب آنے والا دور نوجوانوں کا ہے لہذا ہمیں سیاست میں مزید متحرک رکھنے کیلئے ان کی مزید حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا کہ اس کے تعاون و مدد کے باعث وہ سرخرو ہوکر ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں۔ لیبرپارٹی کے کونسل لیڈر کونسلر محمد جمیل نے کہا ہماری پارٹی نے ہموطنوں کیلئے پارلیمنٹ سے لیکر ہائوس آف لارڈز تک دروازے کھولے ہوئےہیں۔ لیبرپارٹی کے اقدامات سے نسلی اقلیتوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچا۔ ایک سیاسی کارکن کیلئے لیبرپارٹی کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ کونسلر عنصر علی، کونسلر امجد اقبال اور کونسلر شہزاد نواز نے شہر کی مختلف وارڈز میں اپنی اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ان رہنمائوں نے کونسلر ناظم خان اور جان شیرمین کی بہترین سیاسی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پارٹی کو اپنی مدد اور معاونت بہم پہنچاتے رہیں۔ کونسلر محبوب حسین جو آئند سنٹرل وارڈ سے اپنی نشست کا دفاع کریں گے نے کہا کہ بحیثیت کونسلر وہ اپنی ذمہ داریوں سے مطمین ہیں جس کے باعث ایک مرتبہ وہ پھر عوام کے پاس اپنے مینڈیٹ کی تجدید کرانے جارہے ہیں۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر شبینہ اسد قیوم نے کی جبکہ شہر کے طول و عرض سے کئی پرانے سیاسی رہنمائوں نے اپنے اپنے خیالات کے اظہار میں پارٹی کی کامیابی کیلئے مشورے اور تجاویز دیں۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں